رکشہ یونین مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی،لبرٹی میں احتجاج
لاہور (لیڈی رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف عوامی رکشہ یونین سڑکوں پر نکل آئی،لبرٹی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور 3نومبر کو بھرپور احتجاج کا اعلان بھی کر دیا۔بڑھتی مہنگائی رکشہ ڈرائیورز کو سڑکوں پر لے آئی۔ سینکڑوں رکشہ ڈرائیورز نے لبرٹی چوک میں احتجاجی میدان لگایا، رکشہ ڈرائیورز نے خود رکشے کھینچ کر احتجاجی ریلی نکالی،مظاہرین نے گلے میں روٹیوں اور سبزیوں کے ہار پہن کر احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی بھی کی۔مظاہرین نے کہا کہ پٹرول، گیس،بجلی، آٹا، چینی، گھی، سبزیاں، دالیں اور برائلر گوشت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔مرکزی صدر عوامی رکشہ یونین مجید غوری نے حکومت سے اشیائے ضروریہ سستی کرنے کامطالبہ کیا جبکہ عوامی رکشہ یونین نے 13 نومبر کو شہر کی مختلف شاہراہوں پر بھر پور احتجاج کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔