ضلع کونسل ملتان: دوارب 44کروڑ 23لاکھ کا بجٹ منظور، ممبران کا مہنگائی کیخلاف احتجاج 

ضلع کونسل ملتان: دوارب 44کروڑ 23لاکھ کا بجٹ منظور، ممبران کا مہنگائی کیخلاف ...

  

 ملتان ( سٹی رپورٹر)ضلع کونسل ملتان نے مالی سال 2021-22 کا 2 ارب 44 کروڑ 23 لاکھ 15 ہزار روپے مالیت  بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا  جبکہ چیرمینوں نے ایڈمنسٹریٹرز کے غیر قانونی کاموں کے کیسز نیب واینٹی کرپشن بھیجنے کا مطالبہ کیا افسران کو بھی سختی سے وارننگ دی گئی کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ وہ بھی ان سے تعاون نہیں کریں گے اور ان کا قبلہ بھی درست کریں گے  جبکہ ممبران نے مہنگائی کے خلاف ایوان(بقیہ نمبر26صفحہ6پر)

 میں روٹی اٹھا کر احتجاج کیا کنونیر سید واجد علی شاہ کی صدارت میں رضا ہال میں ہونے والے بجٹ اجلاس میں چیرمین سید دیوان محمد عباس بخاری نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ  آمدن کا کل تخمینہ 2 ارب 44 کروڑ 23 لاکھ 15 ہزار روپے بمعہ ابتدائی سرمایہ لگایا گیا ہے جبکہ ترقیاتی وغیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 2 ارب 9 کروڑ 94 لاکھ 72 ہزار روپے لگایا گیا ہے  غیر ترقیاتی اخراجات کا کل تخمینہ ایک ارب 8 کروڑ 53 لاکھ 97 ہزار لگایا گیا ہے اس میں تنخواہوں وپنشن کی مد میں 51 کروڑ 63 لاکھ 82 ہزار دیگر اخراجات کے لیے 56 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں ترقیاتی اخراجات کیلئے ایک ارب ایک کروڑ 40 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 60 کروڑ سابقہ جاری منصوبوں کے لیے 26 کروڑ 40 لاکھ 75 ہزار سڑکوں کی مرمت کے لیے 15 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں رمضان بازار کے لیے 50 لاکھ قومی تہواروں اور کھیلوں کے ایک ایک کروڑ جبکہ خواتین ویوتھ ویلفیر کے لیے بھی ایک کروڑ 10 لاکھ سیلاب ودیگر آفات سے بچاؤ کے انتظامات کیے 4 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں دوران سروس وفات پانے والے ملازمین کی مالی امداد کی ادائیگی کے لیے 16 کروڑ روپے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے لیے ایک کروڑ 50 لاکھ شجرکاری کے لیے بھی ایک کروڑ 50 لاکھ روپے محرم ورکس کے لیے 4 کروڑ روپے جبکہ پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ لاہور کو بجٹ کی آمدن کے مطابق حصہ دینے کے لیے 3 کروڑ روپے دینے کا بجٹ پیش کیا جسے پورے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین سید  دیوان محمد عباس بخاری نے کہا کہ وہ بلدیاتی اداروں کی بحالی پر سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں وہ پورے ایوان کو ساتھ لے کر چلیں گے  عوام کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے ان کا کہنا تھا کہ تمام ممبران اپنی اپنی ترقیاتی سکیمیں جلد از جلد جمع کرائیں تاکہ ٹینڈر لگائے جاسکیں انہوں نے اقلیتی ممبران کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے 7 لاکھ روپے یوتھ کسان ممبران کو دس لاکھ روپے خواتین ممبران کو پانچ لاکھ روپے کے فنڈز دینے کا اعلان کیا. اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجید ماجد نے کہا کہ اپوزیشن کو بھی برابر کا فنڈ دیں گے اڑھائی سال ہمارے ضائع کیے گئے ہیں  ایڈمنسٹریٹرز اربوں روپے خورد برد کیے  بلدیاتی ایکٹ میں ایڈمنسٹریٹر لگانے کی گنجائش نہیں ہے ائندہ ان کو شب خون نہیں مارنے دیں گے راؤ انتظار نے کہا کہ تمام افسران اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ ہمیں کرنا پڑے گا ایمانداری سے کام کریں عوام کی شکایات کا ازالہ کریں سٹریٹ لائٹس و بند واٹر فلٹریشن پلانٹس چالو کیے جائیں ممبران کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں یوسی دفاتر و اکاؤنٹس بحال کیے جائیں راؤ عبدالقیوم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز فوری لگائے جائیں ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے وارداتیں بڑھ گئی ہیں حکومت کو شرم آنی چاہیے عوام کا برا حال ہے  اے ڈی کھیڑا نے کہا کہ جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والوں نے عوام کا ستیاناس کر دیا ہے کنٹینر پر کھڑے ہو کر کہتے تھے کہ اگر مہنگائی ہو تو اس کا مطلب ہے کہ وزیراعظم چور ہے  آج سارے چوروں نے مل کر مہنگائی کردی ہے انہیں اختیارات نہیں دیے جارہے فرخ نسیم راں نے کہا کہ ان کو اختیارات نہ ملنا سارا بیوروکریسی کا کھیل ہے ایڈمنسٹریٹر نے فنڈز کا غلط استعمال کیا ہے ان کے کیس نیب اور اینٹی کرپشن کو بھجوائے جائیں آئندہ انہیں ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے اس سے ایڈمنسٹریٹر کی ٹانگیں کانپیں گی   ریاض انجم نے مہنگائی کے خلاف ہال میں روٹی اٹھا کر احتجاج کیا جس کی تمام ممبران نے حمایت کی اور کہا کہ حکومت منہگائی کنٹرول کرے  ابراہیم مدنی نے کہا کہ پورے ضلع میں پانی پینے کے قابل نہیں ہے ہریوسی میں ایک ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ لگایا جائے  چوہدری خلیل الرحمٰن نے کہا کہ رضا ہال کی مرمت کرائی جائے ترقیاتی منصوبوں پر جلد کام شروع کیا جائے  دستگیر اٹھنگل نے کہا کہ لگتا ہے کہ یہ ہال یہودیوں کے قبضے میں رہا ہے کلمہ طیبہ کا پوٹریٹ نمایاں جگہ پر لگانے کی بجائے سائیڈ پر رکھ دیا گیا ہے فوری طور پر اسے سٹیج کے اوپر لگایا جائے جاوید بابر راں نے کہا یونین کونسلوں کے فنڈز واپس کیے جائیں بلدیاتی اداروں کی بحالی میں ملتان کا خاص کردار نہیں ہے  اس سلسلے میں کمیٹی بنائی جائے جو عدالتی کارروائی میں حصہ بنے  یوسی دفاتر بحال واکاونٹس بھی بحال کیے جائیں  جس پر کنونیر سید واجد علی شاہ نے کہا کہ متعلقہ افسران اس پر پالیسی بیان  دیں مجاہد علی شاہ نے کہا کہ سسٹم کے بغیر نظام چلائیں گے تو خرابیاں پیدا ہوں گی اداروں کو بے دردی سے لوٹا گیا ہے بکر منڈیوں کی مد میں کرپشن کی گئی ہے اگر اڈٹ کروایا جائے تو خوفناک نتائج سامنے آئیں گے لیکن لگتا ہے کہ آڈٹ والے ساتھ ملے ہوئے ہیں   مل بانٹ کر کھاتے ہیں نذر بھٹی نے کہا کہ ان کو اختیارات و چیک بکیں نہیں ملیں  جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک اشفاق نے چیرمینوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ یونین کونسلوں کے اختیارات بحال کر دیئے گئے ہیں سامان واپس کیا جا رہا ہے اکاؤنٹس بھی بحال ہو جائیں گے انہوں نے انکشاف کیا کہ چند یونین کونسلوں کے سیکرٹریز نے چیرمینوں کے بوگس دستخط کر کرپشن کی ہے  جس پر محکمہ نے یوسی 164 کے سیکرٹری فیاض احمد سمیت دیگر کے خلاف کیس اینٹی کرپشن کو بھجوادیئے دیے ہیں ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے اس پر اس یوسی کے چیئرمین نے ہاتھ جوڑ کر کہا کہ اس کی کرپٹ سیکرٹری سے جان چھڑائی جائے

مزید :

ملتان صفحہ آخر -