رحمت اللعالمین اتھارٹی کے قیام سے سیرت طیبہ کے فروغ میں مدد ملے گی،صدر مملکت
اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاھب ہم آہنگی، پیر نور الحق قادری نے ملاقات کی ہے۔مْلاقات میں وزارت مذہبی امور اور بین المذاھب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صدر مملکت کا کہناتھا وزارت مذہبی امور کا بین المذاھب اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ہے۔وزارت مذہبی امور ملک میں سیرت النبی کی تعلیمات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔رحمت اللعالمین اتھارٹی کا قیام ایک خوش آئند عمل ہے۔ انہوں نے کہا اتھارٹی کے قیام سے سیرت طیبہ کے فروغ اور قوم کی اخلاقی تربیت میں مدد ملے گی۔سماجی مسائل کے حوالے سے اسلامی تعلیمات عام کرنے میں منبر و محراب کا اہم کردار ہے، صدر مملکت نے کہا علماء خطبہ جمعہ میں اہم سماجی موضوعات پر اسلامی تعلیمات اجاگر کریں۔لوگوں کی رہنمائی اور تعلیم کیلئے ایوانِ صدر کی مسجد سے خطبہ جمعہ براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔خطبہ جمعہ میں اہم سماجی موضوعات، سیرت النبی کے پہلوؤں پر روشنی ڈالی جاتی ہے، صدر مملکت نے کہا علماء کرام قوم کی اخلاقی تربیت اور فیک نیوز کی حوصلہ شکنی میں اپنا کردار ادا کریں۔علماء وراثت میں خواتین کے حقوق اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے بارے میں لوگوں کو تعلیم دیں۔وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری نے کہا ایوانِ صدر کی مسجد سے اہم موضوعات پر خطبہ جمعہ نشر کیا جانا خوش آئند ہے، صدر مملکت نے صدارتی منصب کو بین المذاھب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے استعمال کیا۔صدر عارف علوی کا کہناتھا علماء اور اقلیتوں کیساتھ صدر مملکت کے مشاورتی عمل اور باقاعدہ اجلاسوں سے ملک میں ہم آہنگی اور اتحاد و اتفاق کی فضا کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
صدر مملکت