چینی کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں:عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کوصوبے میں چینی کے سٹاک اور طلب کے بارے میں بریفنگ دی گئی-اجلاس میں چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ چینی کی مقرر کردہ نرخوں پرفروخت یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن انتظامی اقدام اٹھایا جائے گا-ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی-مافیا کے ہاتھوں عام آدمی کا استحصال نہیں ہونے دیں گے-کسی کو چینی کی ذخیرہ اندوزی نہیں کرنے دیں گے-چینی کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں - لوگوں کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کرشنگ سیزن کے جلد آغاز کے لئے فی الفور ضروری اقدامات کئے جائیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کواس ضمن میں ضروری ہدایات دیں - وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر چینی کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے-عام آدمی کے حقوق کا تحفظ سب سے زیادہ عزیز ہے-ہم ہر فیصلہ عوام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں کریں گے-انہوں نے کہاکہ مارکیٹ میں استحکام کے لئے انتظامیہ چینی کی چھوٹی دکانوں پر دستیابی یقینی بنائے-صورتحال کا روزانہ جائزہ لیا جائے او ر عوام کے مفاد میں ہر ممکن فیصلے کر کے اقدامات کئے جائیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے عدالتی احکامات کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل کو ضروری ہدایات دیں - وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ لاہور سمیت پنجاب میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے-لاہور میں 200بڑے سٹوروں اور 1600 دکانوں پر چینی 90روپے کلو میں مل رہی ہے-صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال،ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور،چیف سیکرٹری،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،کمشنر لاہور ڈویژن، کین کمشنر پنجاب اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی- سردار عثمان بزدارسے لاہور قلندر زکے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانانے ملاقات کی،جس میں صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے لئے اقدامات پر بات چیت ہوئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ٹی20ورلڈ کپ میں لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں حارث رؤف اور شاہین آفریدی کی کارکردگی کی تعریف کی-وزیراعلیٰ نے کہاکہ حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے ٹی 20ورلڈ کپ میں یاد گارکھیل پیش کر کے قوم کے دل جیت لئے ہیں -محمد آصف او ردیگر کھلاڑیوں نے بھی ورلڈ کپ میں بہترین کھیل پیش کیاہے-بھارت سے جیت کی خوشی ابھی تک برقرار ہے-انہوں نے کہاکہ یقین ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اس بار ورلڈ کپ جیت کر واپس آئے گی-لاہور قلندرز نے کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں - لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سنٹر کاجلد دورہ کروں گا- لاہور قلندرز کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے پروگرا م کو سپورٹ کرتے ہیں - پنجاب سپورٹس بورڈ او رلاہورقلندرز کے مابین کرکٹ کے نچلی سطح پر فروغ کے لئے تعاون کاجائزہ لیاجائے گا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سیکرٹری کھیل کو اس ضمن میں جلد حتمی پلان پیش کرنے کی ہدایت کی-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کھیلوں او رتفریح سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کوشا ں ہے-حکومت فیصل آباد او رسیالکوٹ میں ہائی پرفارمنس سنٹر قائم کررہی ہے-صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے جامع سپورٹس پالیسی کا اعلان کیا گیاہے- عاطف رانا نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو لاہو رقلندرز کے ہائی پرفارمنس سنٹر اور کرکٹ کے مقابلے لاہور میں محلے کی سطح پرکرانے کے پروگرام سے آگاہ کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کرکٹ کے مقابلے محلے کی سطح پر کرانے کے مجوزہ پروگرام کو سراہا- صوبائی وزراء اسد کھوکھر،اعجاز عالم،ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری کھیل، ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-