10 کروڑ افراد کو ماہانہ سبسڈی دی  جائے گی،ترجمان پنجاب حکومت

 10 کروڑ افراد کو ماہانہ سبسڈی دی  جائے گی،ترجمان پنجاب حکومت

  

لاہور(این این آئی) معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے  120ارب کے مختص فنڈز سے شروع کیا گیا احساس راشن  پروگرام غریب گھرانوں اور نچلے طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی احسن اقدام ہے۔ چھ ماہ پر محیط اس پروگرام سے دو کروڑ گھرانوں کے تقریباً دس کروڑ افراد کو آٹا، دال اور گھی پر ماہانہ ایک ہزار روپیہ سبسڈی دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے لاہور میں سینئر صحافیوں اور میڈیا نمائندگان کو احساس راشن پروگرام کے حوالے سے ایک بریفنگ کے دوران کیا۔ بریفنگ میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن و براڈکاسٹنگ فواد چوہدری اور معاون خصوصی وزیرِ اعظم برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ اس موقع پر ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے وزیر اعظم کے اعلان کردہ احساس راشن پروگرام کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ماہانہ 31 ہزار روپے سے کم آمدن والے خاندانوں کی رجسٹریشن کل پیر سے شروع کردی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک ویب پورٹل بنایا جائے گا اور مستحق خاندان روز مرہ استعمال کی اشیا مثلاً آٹا، دالیں اور گھی یوٹیلیٹی سٹورز اور پرچون کی دکانوں سے سستے داموں خرید سکیں گے، رجسٹریشن کا عمل 3 سے 4 ہفتوں میں مکمل ہوجائے گا۔ رجسٹریشن کے لیے قومی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ فون نمبر درکار ہو گا جو اشیا کی خریداری سے قبل خاص سٹورز پر دیا جائے، جس کے بعد شہری سستے داموں اشیا حاصل کرسکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ایک کھرب 20 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جارہی ہے، جس میں 65 فیصد رقم صوبے جبکہ 35 فیصد رقم وفاقی حکومت ادا کرے گی۔

حسان خاور

مزید :

صفحہ اول -