نیب آرڈیننس چیلنج کرنے کی بجائے اصلاحات تجویز کریں:فواد
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قومی معاملات اور آئین و قانون کی بالادستی کیلئے وکلاء برادری رہنمائی کرے، بار ایسوسی ایشنز سیاسی جماعتوں کو بڑی اصلاحات پر قریب لانے میں کردار ادا کر سکتی ہیں، انتخابی اصلاحات، نیب آرڈیننس سمیت دیگر اہم قانون سازی میں وکلاء اور بار ایسوسی ایشن کے کردار کا خیر مقدم کریں گے، نیب آرڈیننس کو چیلنج کرنے کی بجائے اصلاحات تجویز کریں، بار اور بینچ کے درمیان وکلاء پل کا کردار ادا کرتے ہیں، اس کردار کو قومی معاملات میں بھی اپنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون کی قیادت میں نومنتخب عہدیداران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی کے لئے وکلاء برادری کو اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے، بار ایسوسی ایشنوں کو عدلیہ میں زیر التواء مقدمات جلد نمٹانے کے لئے اپنی کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد احسن بھون نے کہا کہ عدلیہ کی بقاکے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے، وکلاء برادری نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، انشاء اللہ اس پر پورا اتریں گے، اہم عدالتی اصلاحات کی ضرورت ہے، حکومت اور اپوزیشن سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر بڑی اصلاحات کیلئے آگے بڑھیں۔ ملاقات کرنے والے وفد میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد احسن بھون، نائب صدر (پنجاب) خاور اکرام بھٹی، سیکریٹری وسیم ممتاز ملک، چوہدری ریاست علی گوندل ایڈیشنل سیکریٹری، نائب صدر (سندھ) عزیز احمد خان، اراکن ایگزیکٹو کمیٹی (سندھ) جان علی جونیجو، ذوالفقار حیدر شاہ، اراکین ایگزیکٹو کمیٹی (پنجاب) رانا اختر علی، چوہدری طارق جاوید شامل تھے۔
فواد