9 مئی مقدمات،پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست ضمانتوں پر سماعت
لاہور (نامہ نگار خصوصی)انسداد دہشتگری عدالت لاہور میں 9 مئی کے کیسز میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزمان کے وکلا کو دلائل کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت کے ججز جج ارشد جاوید اور منظر علی گل نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی 9 مئی کے کیسز میں ضمانتوں پر سماعت کی۔ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کے وکلا نے تیاری کے لیے مہلت طلب کی۔ جج منظر علی گل نے ریمارکس دیے کہ ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر گیا ضمانت پر دلائل نہیں ہو رہے۔ آخری موقع دے رہا ہوں اگر آئندہ سماعت پر وکیل نے دلائل نہ دیئے تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دوں گا۔ ججز نے وکلا کو تیاری کی مہلت فراہم کرتے ہوئے وکلا کو آئندہ سماعت پر دلائل کے لیے طلب کر لیا۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی کی ضمانتوں پر سماعت 19 نومبر، میاں محمود الرشید کی ضمانتوں پر سماعت 12 نومبر تک جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانتوں پر سماعت 13 اور 16 نومبر تک ملتوی کر دی۔
نو مئی مقدمات