بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیح، معیشت بہتر ہونا شروع ہو گئی: رانا تنویر حسین
اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر صنعت و پیداواررانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، نجی شعبے کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیسلے پاکستان کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ نیسلے نے کامیابی سے 26 ممالک کو اپنی برآمدات میں اضافہ کیا ہے جس سے ملک کے فارن ریزروز میں نمایاں اضافہ اور معیشت کی بحالی کے حکومتی منصو بوں میں معاونت ملی۔ انہوں نے کہا کہ نیسلے کی کامیابی اس اہم کردار کی نشاندہی کرتی ہے جو کاروبار کسی ملک کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں ادا کرتے ہیں،انہوں نے کمپنی کو معیار اور بہترین کارکردگی کے لیے اپنی وابستگی کو جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ نیسلے کے مشہور برانڈز بشمول ایوری ڈے، وائٹل اور ملک پیک کریم کامیابی کے ساتھ مقامی صارفین تک پہنچ رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے ملک کو ایک اہم برآمدی مرکز کے طور پر قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نیسلے کی کامیابی کو دوسرے کاروبار کے لیے ایک ماڈل کے طور پر بیان کیا۔ رانا تنویر نے نیسلے کے سی ای او اور ٹیم کو قومی معیشت میں ان کے تعاون پر مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کمپنی 2030 تک اپنا100 ملین ڈالر کا ہدف حاصل کر لے گی۔
رانا تنویر حسین