سنی اتحاد کونسل سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو گوشوارے جمع کروانیکی مہلت مل گئی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو سالانہ گوشوارے جمع کروانے کے لیے مہلت دے دی۔ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے 48 سیاسی جماعتوں کو سالانہ گوشوارے جمع نہ کروانے پر طلبی پر سماعت کی۔استحکام پاکستان پارٹی، پی ٹی آئی نظریاتی، ایم ڈبلیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی سمیت دیگر کئی جماعتیں الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئیں۔سنی اتحاد کونسل، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، گرین ڈیموکریٹک پاکستان، پاک ڈیفنس مومنٹ، بی این پی مینگل، عام آدمی تحریک پاکستان اور دیگر سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن میں پیش ہوئیں۔ممبر سندھ نے الیکشن کمیشن حکام سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کے خلاف کیا کارروائی کر سکتا ہے؟ الیکشن کمیشن حکام نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کا انتخابی نشان واپس لے سکتا ہے۔مختلف سیاسی جماعتوں نے سالانہ گوشوارے جمع کروانے کے لیے مہلت کی استدعا کی جس پر الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو سالانہ گوشوارے جمع کروانے کی استدعا منظور کر لی۔بعدازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کیس کی مزید سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔
مہلت
اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی ممبران کے اثاثوں،واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2023-24ء جمع کروانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2024ء مقرر کردی۔ الیکشن کمیشن نے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا ہے الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے ممبران کیلئے لازم ہے وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے مالی سال2023-24مجوزہ فارم بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31 د سمبر 2024 تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا دیں۔ سیکشن 137 کے مندرجات کے مطابق ہر ممبر اسمبلی و سینٹ سابق 30 جون تک کے اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفا لت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے بصورت مجوزہ فارم بی ہر سال 31دسمبر سے پہلے یا 31 دسمبر تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائے گا۔ سیکشن137 کی ذیلی شق (2) کے تحت کمیشن ایک پریس ریلیز کے ذریعے ہر سال یکم جنوری کو مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کروانیوالوں کے نام شائع کریگا۔ 16جنوری کو ایک حکم کے تحت کمیشن 15 جنوری تک مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانیوالے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی رکنیت معطل کردیگا اور مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے تک وہ پارلیمنٹ و اسمبلی کی کسی بھی کاروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، اگرکوئی ممبر اپنے پیش کردہ گوشواروں میں کسی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو کمیشن سیکشن 137 کے تحت گوشوار ے جمع کروانے کی تاریخ سے 120 دن کے اندر اس بد عنوانی کے جرم کے ارتکاب کی پاداش میں کاروائی کریگا۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے اس حوالے سے تیار کردہ ہدایات / راہنمائی کیساتھ مقررہ فارم بی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد، متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر، سینٹ سیکرٹریٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریٹ سے مفت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں، فارم بی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن