دربار حضرت شاہ چراغؒ کی تزئین و آرائش کا کام جاری
لاہور(خبر نگار)سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے دربار حضرت شاہ چراغؒکا دورہ کیا، تزئین و مرمت، کنزرویشن، ریسٹوریشن، فریسکو ورک سمیت دیگر امور بارے موقع پر ہدایت جاری کیں،اس موقع پر سیکرٹری محکمہ اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کا کہنا تھا کہ ایک ماہ میں پراجیکٹ کی تکمیل کردی جائے گی۔ مزارشریف کے اندر بہترین معیار کے ماربل کی تنصیب، لوحِ مزار، تربت کی تزئین سمیت تمام خستہ حال، پرانی تعمیرات کی آرکیالوجی اور اوقاف کے کنزرویشن سیل کی نگرانی میں خوبصورت اور بہترین بنایا جائے گا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ پراجیکٹ پرائیویٹ پارٹنر شپ سے مکمل ہوگا۔ سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ مذہبی تعمیراتی ورثہ کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلم طرز تعمیر اور بالخصوص خانقاہوں اور مزارات کی تشکیل اپنے اندر ایک وسعت، کشادگی، مضبوطی اور پائیداری کی حامل ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں کے لئے یہ مقامات ہمیشہ تقویت، حوصلہ اور روحانی آبیاری کا مرکز رہے۔ تشدّد اور انتہاپرستی کے اس دور میں خانقاہوں سے وابستہ اسلوبِ حیات سے راہنمائی وقت کا اہم تقاضہ ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف آصف اعجاز، ایکسیئن اوقاف صدر دفتر رانا زوہیب، منیجر اوقاف حسن رضوان، ایس ڈی او ہیڈ کوارٹر محمد ذیشان اور محکمہ کے دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔