ایجوکیشن یونیورسٹی میں کیمسٹر ی کے موضو ع پر اہم کانفرنس
لاہور(لیڈی رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے شعبہ کیمسٹری کے زیر اہتمام گزشتہ روز مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ، لاہور میں ”کیمسٹری میں نئے رجحانات اور تحقیق“ کے عنوان سے تیسری بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکہ، آسٹریلیا، کینیڈا، ملائیشیا، چین، فرانس، شام، برازیل، چلی، یونان، نیدرلینڈ، بحرین، سعودی عرب اور پاکستان سے معروف اسکالرز، محققین اور پیشہ ور حضرات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں 9 پلینری اسپیکرز شامل تھے جو کیمیا میں عالمی رجحانات پر روشنی ڈالنے کے لیے آئے، 10 کلیدی مقررین جنہوں نے اہم موضوعات پر اپنی تقاریر پیش کیں، اور 34 مدعو مقررین جو اپنے علم اور مہارت کا تبادلہ کرنے آئے تھے۔ اس کے علاوہ، 70 منتخب شدہ اورل پریزنٹرز نے مختلف تحقیقی اختراعات پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ 60 پوسٹر پریزنٹرز نے انٹرایکٹو سیشنز کے ذریعے اپنی بصری تحقیق کو پیش کیا، جس سے یہ کانفرنس علم کے تبادلے اور تعاون کا ایک اہم پلیٹ فارم بن گئی۔عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی صدارت یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چودھری نے کی جبکہ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی تھے۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان نے جدید سائنس میں کیمسٹری کے انقلابی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اس کے ماحول دوست ٹیکنالوجیز، صحت کی دیکھ بھال میں جدت اور توانائی کے حل جیسے عالمی مسائل پر اثرات کو سراہا۔ انہوں نے شرکاء کو مشترکہ تحقیق کو فروغ دینے کی ترغیب دی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاقف انور چوہدری نے شعبہ کیمسٹری کی اس کانفرنس کے انعقاد کی کاوشوں کو سراہا ا۔
ور کہا کہ یہ کانفرنس یونیورسٹی کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ہم تحقیق اور علم کی شراکت کو فروغ دینے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس ایک ایسا ماحول فراہم کرتی ہے جس میں اختراعی تحقیق کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر شعبہ کیمسٹری کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان نے شرکاء_ کو خوش آمدید کہا اور کانفرنس کے مقاصد کو اجاگر کیا۔کانفرنس میں متعدد سیشنز، ورکشاپس اور باہمی مباحثے شامل ہیں، جن میں کیمسٹری کے جدید ترین موضوعات اور رجحانات کا احاطہ کیا جائے گا، جن میں محققین پائیدار، عملی، جدید مواد اور جدید کیمیائی اطلاقات پر اپنے خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے مستقبل کی اختراعات کے لیے راہیں ہموار کرنے کی سعی کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں شعبہ زوالوجی کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ عندلیب، فیکلٹی ممبران، طلبہ، اسٹاف اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔