محکمہ اوقاف کا مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کا منصوبہ، 22مزارات اور مساجد کی فہرست حکومت کو ارسال 

  محکمہ اوقاف کا مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کا منصوبہ، 22مزارات اور مساجد کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                                لاہور(خبر نگار)محکمہ اوقاف پنجاب نے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے ابتدائی طور پر محکمہ اوقاف پنجاب نے مذہبی سیاحت کے حوالے سے 22اہم مقامات کی فہرست صوبائی حکومت کے حوالے کردی۔یہ فہرست 18مزار اور 4مساجد کے ناموں پر مشتمل ہے۔اس فہرست میں لاہور کے 5،ملتان کے5اور اوچ شریف بہاولپور کے 3مزارات اور لاہور کی 2مساجد کو شامل کیا گیا ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی سرزمین پر ہزاروں سال پرانی تہذیبوں کے آثار موجود ہیں جس کی وجہ سے یہاں مذہبی سیاحت کے حوالے سے بہت زیادہ کشش موجود ہے اس صوبہ میں ہندو،سکھ،بدھ مت اور دیگر مذاہب کے مقامات مقدسہ موجود ہیں کٹاس راج اور ہنگلاج ماتا مندر ہندوؤں بہت اہمیت کے حامل ہیں ان مندروں کی زیارت وہ اپنا اہم دینی فریضہ سمجھتے ہیں جبکہ سکھ مذہب کے پیروکاروں کے لئے جنم استھان ننکانہ صاحب،گرودوارہ دربار صاحب کرتار پور،گرودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال،گرودوارہ ڈیرہ صاحب لاہور سمیت کئی مقدس مقامات موجود ہیں جہاں پر وہ ماتھا ٹیکنے کے لئے ہمارے ملک کا رخ کرتے ہیں دوسری جانب ٹیکسلا میں بدھ مت کے آثار موجود ہیں یہ آثار مذہبی اور تاریخی اہمیت کے حامل ہیں پنجاب بھر میں موجود قدرتی مناظر،ثقافتی تنوع،تاریخی ورثہ اور مذہبی مقامات دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے دلچسپی کا باعث ہیں۔ان تمام معاملات کے پیش نظر صوبائی حکومت ”سیاحت سے امن“کے سلوگن کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی اداروں کو آن بورڈ لینے کے بعد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اب سے کچھ عرصہ قبل وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے تحت چلنے والے ادارے متروکہ وقف املاک بورڈ سمیت دیگر صوبائی اور وفاقی اداروں کو آن بورڈ لے کر مذہبی سیاحت کی حامل اہم سائٹس کو منتخب کرکے فہرست صوبائی محکمہ سیاحت،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے حکام کو بھجوائی گئی تھی۔