مسلم آئیڈیل ہائی سکول شاہدرہ میں ایک روزہ تعلیمی نمائش
لاہور(لیڈی رپورٹر)مسلم آئیڈیل ہائی سکول میں ایک روزہ تعلیمی نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء و طالبات نے خوبصورت اور جدید ماڈلز بناکر دیکھنے والوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ والدین کی کثیر تعداد نے شاہدرہ کیمپس میں نمائش دیکھی اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔نمائش میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما محمد حسنین، ضلع قصور اور لاہور کے صدر چوہدری محمد عباس ، مسلم آئیڈیل سکولز کے ڈائریکٹرز محمد رمضان فخر اور حاجی محمد صدیق نے خصوصی شرکت کی اور بنائے گئے ماڈلز اور پراجیکٹس کو دلچسپی سے دیکھا۔ انہوں نے بچوں اور اساتذہ کی مشترکہ کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں۔عبدالحمید شاہین نے کہا کتاب سے ہٹ کر مختلف سرگرمیوں کے ذریعے بچے کو نالج دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نمائش میں طلباء وطالبات نے نہ صرف سائنسی ماڈلز بلکہ اسلامک گیلری، آرٹ گیلری، جغرافیائی و ماحولیاتی اور ریاضی سے متعلقہ پراجیکٹس بنا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ والدین اور مہمانان گرامی نے اساتذہ کی لگن، محنت اور سکول ڈائریکٹر عبد الحمید شاہین کی کاوشوں کو سراہا۔