گرین لاک ڈاؤن ایریاز میں دھواں چھوڑنے والے جنریٹرز چلانے پر پابندی عائد

Nov 07, 2024 | 12:46 PM

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے گرین لاک ڈاؤن کے علاقوں میں دھواں چھوڑنے والے جنریٹرز چلانے پر پابندی عائد کردی۔ عدالت نے حکم دیا کہ کمرشل جنریٹرز میں آلودگی کو کنٹرول کرنے والا آلہ آئندہ سات روز میں نصب کیا جائے۔

نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا، جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر تحریری حکم جاری کیا۔عدالت نے تحریری حکم میں قرار دیا کہ ہاٹ سپاٹ ایریاز سے تجاوزات کو ہٹایا جائے تاکہ ٹریفک کے بہاؤ سے آلودگی نہ پھیلے۔ 

لاہورہائیکورٹ نے موجودہ حکومت اور ڈی جی ماحولیات کے اقدامات کو سراہا اور اپنے فیصلے میں لکھا کہ ڈی جی ماحولیات کے اقدامات سے بھی ماحولیاتی تبدیلیوں پر فرق پیدا ہوگا۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ عدالتی حکم پر سوسپرسیڈز کسانوں کو تقسیم کیے ہیں، کمشنر لاہور ڈویژن، قصور ٹینریز سے متعلق آئندہ 15 روز میں رپورٹ جمع کروائے۔

ایل ڈی اے کے وکیل نے انڈر پاسز کی تزئین و آرائش سے متعلق انکوائری رپورٹ پیش کی، ڈی جی ایل ڈی اے اس رپورٹ پر عملدرآمد کروائے۔ بعدازاں عدالت نے جمعہ تک سماعت ملتوی کردی۔

مزیدخبریں