کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )کراچی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیم نے ایک شادی ہال پر چھاپہ مارا جسے شادی ہال کے عملے نے یرغمال بنالیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر محمد حمزہ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈالمیا روڈ پر قائم شادی ہال اپنی آمدنی کچھ کم دکھا رہا تھا جس کی بنیاد پر وہاں چھاپہ مارا گیا، جب ایف بی آر کی ٹیم وہاں پہنچی تو شادی ہال کے عملے نے انہیں یرغمال بنالیا۔
محمد حمزہ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی وہ بھی فوری طور پر وہاں پہنچے اور شادی ہال کے عملے سے بات چیت کی جس کے بعد ابتدائی طور پر کچھ افراد کو چھوڑ دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ واقعے سے متعلق پولیس حکام کو بھی آگاہ کیا گیا لیکن شادی ہال کا عملہ پولیس کو بھی کسی خاطر میں نہیں لارہا تھا، آخرکار کئی گھنٹے کی بات چیت کے بعد تمام افسران و ملازمین کو شادی ہال سے چھڑالیا گیا۔
شادی ہال سے باہر نکلنے کے بعدنجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈیپارٹمنٹل مس انڈر سٹینڈنگ ہوگئی تھی اور صبح شادی ہال کے عملے کو ایف بی آر کے دفتر طلب کرلیا گیا ہے۔