لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر انٹرنیشنل سٹیم ڈے کی مناسبت سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سٹیم سائنسی نمائش کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پنجاب کے تمام پبلک سکولوں کو تیاری کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ تمام اضلاع میں سٹیم نمائش کا انعقاد یقینی بنائے گا۔ یہ سائنسی نمائش پنجاب بھر میں ضلعی سطح پر مڈل و سیکنڈری سکولوں کے طلباء کے سائنسی ماڈلز پر مشتمل ہوگی۔
وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ سٹیم نمائش کا مقصد طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنا اور سائنس و ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس و ریاضی کے فروغ کے علاوہ ان میں مذکورہ مضامین و عنوانات کے حوالے سے دلچسپی پیدا کرنا ہے۔ یہ نمائشیں طلباء کو ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینے، ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی غرض سے منعقد کی جا رہی ہیں جو مختلف شعبوں میں طلباء کے جدید خیالات و رجحانات کو اجاگر کرے گی۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ نمائش کیلئے پیش کئے جانے والے ماڈلز کی سکروٹنی کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے جو تمام اضلاع سے جمع ہونے والے ماڈلز کا تکنیکی جائزہ لے گی اور نمائش کیلئے شارٹ لسٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہترین ماڈلز کے حامل 108 طلباء کو خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔ طلباء کو تخلیقی صلاحیتیں آزمانے کے مواقع دینا ان کی ترقی میں معاون ہوگا۔ یہ سائنسی نمائش گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن کی مالی معاونت سے جاری تعلیم پروگرام کے تحت منعقد کی جا رہی ہے۔