دہشتگردوں کیخلاف جان کا نذرانہ دینے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں:قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی

Nov 07, 2024 | 09:05 PM

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ شہید اہلکاروں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

 "ایکسپریس نیوز " کے مطابق قائم مقام صدر نے سیکیورٹی اہلکاروں کو کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کی خاطر فتنۃ الخوارج کے خلاف لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کی سرکوبی کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے، دفاع وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

قائم مقام صدر نے شہداء کے لیے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

مزیدخبریں