فلم انڈسٹری کے معروف فنکاروں کا سرکاری اعزازات واپس کرنے کا اعلان

Nov 07, 2024 | 09:46 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی فلمی صنعت کے مشہور ہدایتکار سید نور اور دیگر فنکاروں نےسرکاری اعزازات واپس کرنے کا اعلان کردیا۔ 

اداکارہ میرا کی رہائشگاہ پر پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں شہزاد رفیق، مسعود بٹ، صفدر ملک، معمر رانا، لیلیٰ علی اور گلوکار وارث بیگ نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر سید نور کا کہنا تھا کہ یہ اعزازات صرف دیوار کی زینت بن کر رہ گئے ہیں،حکومت فنکاروں کو کوئی سہولت فراہم نہیں کرتی، نہ ٹرین میں آدھی ٹکٹ پر سفر کا موقع ملتا ہے اور نہ ہی ہوائی سفر میں کوئی رعایت دی جاتی ہے۔

معمر رانا نے اس موقع پر کہا کہ کچھ لوگ ہمیں فلم انڈسٹری کے زوال کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ ہمیں آپ نے دیا کیا ہے؟

 اداکارہ میرا نے کہا کہ اگر وہ پاکستان فلم انڈسٹری کی اصل کہانی سنائیں گی تو وہ جذباتی ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دل اور آنسو اس انڈسٹری سے جڑے ہیں، جس کی کہانی ایک پل میں نہیں سنائی جا سکتی۔

مزیدخبریں