امریکی حکومت ناقابل بھروسہ، متکبر اور وعدہ خلاف ہے‘ خامنہ ای

امریکی حکومت ناقابل بھروسہ، متکبر اور وعدہ خلاف ہے‘ خامنہ ای

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 تہرا ن (آن لائن) ایران کے روحانی رہبر آیت اللہ خامنہ ای نے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی بعض سفارتی کوششوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امریکیوں کے حوالے سے خوش فہم نہیں ہیں، اور ان پر اعتماد نہیں رکھتے ہیں' امریکی حکومت قابل بھروسہ نہیں بلکہ متکبر، نامعقولیت کا شکار اور وعدہ خلاف ہے۔'' جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پرایران کے روحانی پیشوا نے مجموعی طورپر صدر روحانی کی سفارتی کوششوں پر اطمینان ظاہر کیا ہے، تاہم بعض پہلووں پر تحفظات ظاہر کیے اور امریکا کے ساتھ ڈیل کرتے ہوئے محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ایرانی رہبر نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم حکومت کی سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ لیکن اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہنا چاہتے ہیں کہ نیو یارک میں جو کچھ ہوا اس میں سب اچھا نہیں ہے۔ کیونکہ ہم امریکی حکومت کے بارے میں خوش فہم نہیں۔آیت اللہ خامنہ ای نے اس موقع پر امریکا کے اتحادی اسرائیل پر بھی تنقید کی اور کہا ''امریکی حکومت صیہونیوں کے عالمی نیٹ ورک میں جکڑی ہوئی ہے۔ اسی وجہ سے اسرائیلی قبضے کیخلاف امریکی حکومت دبی سی رہتی ہے۔
.انہوں نے ایران اور امریکا کے صدور کی فون پر ہونے والی بات چیت کے فوری بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی امریکا روانگی اور اوباما سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا'' اس ملاقات کے بعد ہی اوباما نے کہا کہ ایران کیخلاف فوجی کارروائی کی آپشن ابھی واپس نہیں لی ہے۔ایرانی رہبر نے اس حوالے کہا اگر ایران کے خلاف کوئی بھی کارروائی ہوئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا '' ہم ایرانی قوم کے دشمنوں کی طرف سے گاہے گاہے قابل نفرت خیالات سنتے ہیں اگر کسی قسمت کے مارے نے کوئی حرکت کی تو ہمارا جواب سخت ہو گا۔''

مزید :

عالمی منظر -