ویمن کرکٹ گراﺅنڈ ملنے پر خوشی کی لہر دوڑ گئی، عائشہ اشعر
لاہور( سپورٹس رپورٹر) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی منیجر عائشہ اشعر نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے ویمن کرکٹ گراﺅنڈکی چابیاں پی سی بی کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی کے حوالے کرنے سے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں اور آفیشلز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے وزیر اعلی کے اس فیصلہ کو خواتین کرکٹ کی ترقی میں انقلابی قدم قرار دیا انہوں نے کہا کہ خواتین کرکٹرکے پاس اپنی گراﺅنڈ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ اور ٹریننگ کے لئے گراﺅنڈ کی دستیابی مسئلہ بنی ہوتی تھی جس کی وجہ سے خواتین کرکٹر کافی عرصہ سے مطالبہ کر رہی تھیں کہ حکومت پنجاب خواتین گراﺅنڈ کو پی سی بی کے حوالے کرے اور ہمارا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر ہم وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور پی سی بی کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی کے مشکور ہیںعائشہ اشعر نے کہا کہ اگلے سال 16مارچ کو ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ بنگلہ دیش میں ہوگا جس کی تیاری کے لئے ہم زیادہ سے زیادہ غیر ملکی ٹیموں سے کھیلنے کے لئے ان کے کرکٹ بورڈز سے خط و کتابت کر رہے ہیں جبکہ نیشنل ویمن کرکٹ چیمپئن شپ 28 اکتوبر سے 7 نومبر تک ہوگی ، پھر بے نظیر بھٹو شہید ٹورنامنٹ ہوگا۔ ورلڈ کپ تک کھلاڑیوں کو مسلسل پریکٹس کا موقع دیں گے تاکہ ورلڈ کپ تک بہترین اسکواڈ تیار ہوسکے ۔عائشہ اشعر نے کہاکہ خواتین کرکٹ کی ترقی کے لئے پی سی بی کھلاڑیوں کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کررہی ہے اور قومی ویمن کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی ۔