مصباح الحق کو کپتان برقراررکھنے کا فیصلہ درست ہے ، ظہیر عباس

مصباح الحق کو کپتان برقراررکھنے کا فیصلہ درست ہے ، ظہیر عباس

اسلام آباد (اے پی پی) سابق مایہ ناز بلے باز ظہیر عباس نے کہا ہے کہ مصباح الحق کو کپتان برقرار رکھنا درست فیصلہ ہے، محمد حفیظ کی جگہ نوجوان کھلاڑی کو موقع دیا جائے، جنوبی افریقہ کے خلاف سکواڈ میں دو لیگ اسپنرز کا انتخاب سمجھ سے بالا تر ہے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف جس ٹیم کا اعلان کیا ہے ان میں دو لیگ اسپنرز کو ٹیم میںشامل کرنا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اسپنرز اچھے ہیں، ایک اسپنر کو کم کرکے اگر ایک بلے باز کو ٹیم میں شامل کر لیا جاتا تو وہ زیادہ بہتر ہوتا۔ ظہیر عباس نے کہا کہ مصباح الحق ٹیسٹ کا بہترین کھلاڑی ہے انہیں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنا خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین روزہ میچ میں نوجوان کھلاڑیوں کو چانس دیا جائے تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ نائب کپتان محمد حفیظ کو ناقص کار کردگی کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے ان کی جگہ کسی نوجوان کھلاڑی کو موقع دینا چاہئے۔ ظہیر عباس نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹرننگ وکٹیں بنانا چاہئے تاکہ اسپنرز کیلئے ساز گار ہوں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف اسپنرز مضبوط ہتھیار ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم ورلڈ نمبر ون ہے تاہم وہ توقع رکھتے ہیں کہ قومی ٹیم انکے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کامیابی حاصل کریگی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی