مصر کے عبوری صدر عدلی منصورنے پرامن مقاصد کیلئے نیوکلیئر منصوبے کا اعلان کر دیا
قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مصر کے عبوری صدرایڈووکیٹ عدلی منصور نے پرامن مقاصد کےلئے جوہری ٹیکنالوجی کے حصول کے ایک منصوبے کا اعلان کر دیا ، باضابطہ افتتاح شمالی ساحلی علاقے الضعبہ میں کیا جائے گا۔ ایک انٹرویومیں عبوری صدرعدلی منصور نے کہا کہ جوہری توانائی کے حصول کی ہماری کوشش سے کسی کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں، ہم صرف پرامن مقاصد اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کےلئے ایٹمی پلانٹ لگا رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں عدلی منصور نے کہا کہ 30جولائی کو سابق صدر محمد مرسی کے خلاف عوامی بغاوت 25جنوری 2011 کے عوامی انقلاب کا ایک نیا ایڈیشن تھا، اب ہم تمام مصریوں کی مرضی کا دستور مرتب کر رہے ہیں جسے کسی پارٹی یا مخصوص گروپ کا نمائندہ نہیں بلکہ فخر کے ساتھ مصری قوم کا نمائندہ آئین قرار دیا جائے گا۔انہوں نے عبوری دور میں عوام سے پرامن رہنے اور حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کی بھی اپیل کی۔ عبوری صدر نے فلسطینی اتھارٹی اوراسرائیل کے درمیان جاری امن مذاکرات کی حمایت کی اور کہا کہ ضرورت پڑی تو قاہرہ مشرق وسطی امن مذاکرات کو آگے بڑھانے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔