زبردستی قربانی کی کھالیں چھیننے والوں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ ہو گا، سندھ حکومت نے ضابطہ اخلاق تیار کر لیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ سندھ میں عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کیلئے ضابطہ اخلاق تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ سے این او سی لینے والی جماعتیں کھالیں جمع کر سکیں گی۔ عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے سے متعلق ضابطہ اخلاق تشکیل دینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کھالیں چھیننے کے واقعات کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے اور کھالیں چھیننے اور زبردستی لینے والوں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق عید الاضحٰی کے تینوں دن اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہو گی اور صرف محکمہ داخلہ سندھ سے این او سی لینے والی جماعتیں کھالیں لینے کی اہل ہوں گی۔ محکمہ داخلہ سندھ سے جاری بیان کے مطابق کالعدم جماعتوں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی ہو گی۔