حکومتی وعدے حسب معمول ’ٹھس‘ ہوگئے

حکومتی وعدے حسب معمول ’ٹھس‘ ہوگئے
حکومتی وعدے حسب معمول ’ٹھس‘ ہوگئے

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت کے عید الاضحی پر بلاتعطل بجلی اور سوئی گیس کی فراہمی کے اعلانات حسب معمول ٹھس ہوگئے ہیں اور سی این جی عید کے دوسرے روز ہی دس روز کیلئے بند جبکہ بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی ۔

حکومت نے اعلان کیا تھاکہ عید الاضحی کے موقع پر شہریوں کی آمدورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے تین دن کیلئے مسلسل سی این جی فراہم کی جائے گی لیکن سوئی نادرن گیس پائپ لائن نے قادرپور گیس فیلڈ عید کے دوسرے روز ہی علی الصبح 6بجے بند کردی اور موقف اپنایاکہ صفائی کے لیے گیس فیلڈ بند کی گئی ہے ۔ گیس فیلڈبند ہونے سے حکومتی اعلان پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔

دوسری طرف بجلی کی بھی آنکھ مچولی جاری رہی ، رات کے اوقات میں تقریباً حکومتی احکامات پر عمل درآمد ہوالیکن دن کے اوقات میں تین سے چار دفعہ بجلی بند ہوئی جبکہ دیہاتی علاقوں میں زیادہ دیرتک بجلی بند رہنے کی اطلاعات ملی ہیں تاہم سرکاری طورپر تصدیق نہیں ہوسکی ۔

سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کاکہناتھاکہ بیوروکریسی نے قادرپورگیس فیلڈ بند کرکے اپنی مرضی کی ہے اور حکمران بیوروکریسی کی مدد سے پالیسی بناناچاہتے ہیں جو ناکامی کی طرف لے جائے گی ۔ یادرہے کہ اس سے پہلے گذشتہ ایک دہائی میں مسلم لیگ ن سمیت جمہوری دورحکومت میں عید کے موقع پر سی این جی کی سپلائی یقینی بنائی جاتی رہی۔

مزید : بزنس