کراچی میں جےیو آئی ایف اوراہل سنت والجماعت کے مقامی رہنما سمیت 4 افراد جاں بحق
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران جے یو آئی ایف اوراہل سنت والجماعت کے مقامی رہنما سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پیر آباد میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مقامی رہنما مولانا محمد ساجد کو جاں بحق کردیا، مولانا ساجد کی ٹارگٹ سے کچھ ہی دیر قبل نارتھ ناظم آباد میں بھی ٹارگٹ کلرز نے اہل سنت والجماعت کے رہنما مولانا مسعود کی زندگی چھین لی، واقعے کے بعد اہل سنت والجماعت کے کارکنوں نے ضیاالدین اسپتال سے کریم آباد جانے والی سڑک پر دھرنا دے دیا اس دوران مشتعل افراد کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی جس سے اطراف کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عیسیٰ نگری کے قریب ہونے والی فائرنگ کی زد میں آکر ایک بچی ہلاک جب کہ سچل گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا۔