ایف پی سی سی آئی میں ڈائیریکٹ سیلنگ بزنس کی اسٹینڈنگ کمیٹی قائم ،شیخ راشد عالم چیئرمین مقرر
کراچی (آن لائن) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت )ایف پی سی سی آئی( میں ڈائیریکٹ سیلنگ بزنس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیاہے ۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر نے شیخ راشد عالم کوڈائیریکٹ سیلنگ کی نئی اسٹینڈنگ کمیٹی کا چیئر مین مقرر کیا ہے ۔شیخ راشد عالم پاکستان میں اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی "عالمی ادارہ برائے حقوق دانش)وائپو( "کے مستقل مبصر بھی ہیں ۔ وہ پاکستان میں ڈائیریکٹ سیلنگ کی صنعت کو درپیش چیلنجز اور صارفین کے مسائل سے کماحقہ واقفیت رکھتے ہیں ۔شیخ راشد عالم کی ایف پی سی سی آئی میں ڈائیریکٹ سیلنگ کی نئی تخلیق کی جانے والی اسٹینڈنگ کمیٹی کے بانی چیئر مین کی حیثیت سے تقرری کو ڈائیریکٹ سیلنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر انیس احمد مرچنٹ اور ملک کے دیگر صنعتی و تجارتی حلقوں نے سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔
شیخ راشد عالم نے کہا ہے کہ فیڈریشن میں ڈائیریکٹ سیلنگ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا قیام اس بات کا مظہر ہے کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان کی سب سے بڑی نمائندہ ٹریڈ باڈی ہونے کے حوالے سے ملک میں صنعت و تجارت کی نبض آشنا بھی ہے ۔اقوام عالم میں ڈائیریکٹ سیلنگ کی صنعت نہایت تیزی سے فروغ پا رہی ہے ۔ ہم اپیکس ٹریڈ باڈی کے اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان میں ڈائیریکٹ سیلنگ سے وابستہ قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو ایک پلیٹ فارم میں جمع کریں گے تاکہ پاکستان میں اس کاروبارکو مکمل قانونی حیثیت میں ایک باقاعدہ صنعت کے طور پر تسلیم کرایا جاسکے ۔اُنھوں نے کہا کہ ڈائیریکٹ سیلنگ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے تحت پاکستان میں قومی سطح پر ڈائیریکٹ سیلنگ کے کاروبار کو ترقی ،فروغ ،تنظیم اور قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔اسٹینڈنگ کمیٹی صرف کمپنیوں کے کاروباری مفادات کو قانونی تحفظ فراہم نہیں کرے گی بلکہ اس کاروبار سے وابستہ نمائندوں اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے گی ۔شیخ راشد عالم نے کہا کہ ہم اس پلیٹ فارم سے پاکستان میں ڈائیریکٹ سیلنگ بزنس کے نام پر سادہ لوح عوام سے فراڈ کرنے والوں کا محاسبہ بھی کریں گے ۔کمیٹی اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ پاکستان میں کسی بھی ڈائیریکٹ سیلنگ کمپنی کی جانب سے انعامی اسکیم ،پیرامڈ ،پونزی اسکیم اورجعلی یا غیر مفید مصنوعات کی تشہیرکے ذریعے اشیاء کی فروخت کو روکا جائیگا ۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈائیریکٹ سیلنگ کے بزنس سے وابستہ اداروں اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر ایک پلیٹ فارم وجود میں آگیا ہے اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان میں ڈائیریکٹ سیلنگ صنعت سے وابستہ ملکی اور بین الاقوامی اداروں کواس بات کا پابند کیاجائیگا کہ وہ پاکستان میں تمام متعلقہ اداروں کے قوانین کی پاسداری اور احترام کرتے ہوئے کاروبار کے بہترین مواقع سے بھر پور استفادہ کریں اور ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی میں اپنا بھر پور حصہ ڈالیں۔اس موقع پر شیخ راشد عالم نے فیڈریشن میں ڈائیریکٹ سیلنگ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے قیام اور چیئر مین کی حیثیت سے اپنی تقرری پر ایف پی سی سی آئی کے صدررؤف عالم اور انکی ایگزیکٹیو باڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان میں ڈائیریکٹ سیلنگ کی صنعت انشا اللہ جلد ہی قومی سطح پر غیرمعمولی کامیابی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گی ۔