سمگلنگ کے خاتمے کیلئے حکومت سخت اقدامات کرے: خواجہ خاور رشید

سمگلنگ کے خاتمے کیلئے حکومت سخت اقدامات کرے: خواجہ خاور رشید

لاہور(کامرس رپورٹر)سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)ٹریڈرز ونگ پنجاب وایف پی سی سی آئی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے امن وامان کے چےئرمین خواجہ خاوررشید نے حکومت کی طرف سے سمگلنگ کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف مقامی صنعتوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ قومی خزانے کو ہونے والا بھاری نقصان بھی روکا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کی راہ میں حائل ہونے والی بڑی رکاوٹوں میں سے ایک رکاوٹ سمگلنگ بھی ہے۔افغانستان،ایران،چین اور بھارت سے سمگل شدہ اشیاء ایک سیلاب کی طرح آرہی ہیں،چونکہ ان پر کوئی ڈیوٹی یا ٹیکس ادا نہیں کیا جا تا لہذٰا سستی ہونے کی وجہ سے صارفین انہیں مقامی اشیاء پر ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی مارکیٹیں سمگل شدہ اشیاء سے بھری پڑی ہیں جس کی وجہ سے مقامی صنعتیں اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں۔

خاور نے مزید کہاکہ ایف بی آر کو سمگلنگ کے خاتمہ کے لئے سخت اقدامات کرنے چاہیے تاکہ مقامی صنعتیں بحال ہو سکیں۔اگر سمگلنگ کو آہنی ہاتھوں سے نہ روکا گیا تو جلد ہی پاکستان کی تمام چھوٹی صنعتیں بند ہو جائے گئی اور لاکھوں مزدور بے روزگار ہو جائے گئے۔

مزید : کامرس