غربت،جہالت سے نمٹنے کا واحد راستہ تعلیم ہے،آزاد تبسم

غربت،جہالت سے نمٹنے کا واحد راستہ تعلیم ہے،آزاد تبسم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سٹی رپورٹر)مسلم لیگ( ن )کے رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم نے کہا ہے کہ غربت ، بے روزگاری اور جہالت جیسے چیلنجز سے نمٹنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں شعبہ تعلیم کو پائیدار بنیادوں پر استوارکرنے کیلئے ٹھوس پالیسی اپنائی ہے۔ صوبے میں فروغ تعلیم کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ فنڈ ذہین مگر کم وسیلہ طلبا و طالبات کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وسائل نہ رکھنے والے ڈیڑھ لاکھ طلباء و طالبات کو اب تک اربوں روپے کے تعلیمی وظائف دیئے جا چکے ہیں اور اس بے مثال پروگرام سے قوم کے بچے اور بچیاں ملکی و غیرملکی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں ۔


فنڈ کی رقم کا مجموعی حجم رواں برس 20 ارب روپے ہوجائے گااور اس فنڈ کی آمدن سے رواں برس تعلیمی وظائف حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی تعداد 2 لاکھ ہو جائے گی۔ پنجاب میں تعلیم کے فروغ کیلئے قائم کئے جانے والے ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی مثال ایشیا میں نہیں ملتی اور یہ خطے کا سب سے بڑا اور منفرد تعلیمی فنڈ بن چکا ہے۔ قوم کے نو نہالوں کو علم کے نور سے منور کرنے کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں اور انہیں وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے۔ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کیلئے ٹھوس اقدامات کرکے تعلیمی شعبہ میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔