اہل کشمیر کے ساتھ پاکستان کے رشتوں کی تاریخ بہت پرانی ہے،میاں عرفان

اہل کشمیر کے ساتھ پاکستان کے رشتوں کی تاریخ بہت پرانی ہے،میاں عرفان

لاہور(جنرل رپورٹر)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ اہلِ کشمیر کے ساتھ پاکستان کے تاریخی ، جغرافیائی، مذہبی، تہذیبی، ثقافتی اور معاشی رشتوں کی تاریخ بہت پُرانی ہے ۔ پاکستان نے اُن کے حقِ استصواب رائے کے لیے ہر ممکن اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا عہد کر رکھاہے ہم نے ماضی میں بھی اپنا یہ عہد نبھایا، آج بھی اُس عہد کی پاسداری کر رہے ہیں۔

اور آئندہ بھی اپنا یہ عہد نبھائیں گے۔ ہمارے لیے یہ محض مظلوم کشمیریوں کی حمایت ہی کا نہیں، انسانی حقوق کی سنگین پامالی، عالمی اداروں کی توہین اور امن عالم کو درپیش خطرات کا معاملہ بھی ہے اگر اقوام متحدہ کے فیصلوں کو پاؤں تلے روندنے ، عالمی رائے عامہ کو ٹھکرانے اور طاقت کے زور پر انسانوں کو غلام بنانے کی روایت چل نکلی تو اپنے آپ کو مہذب کہلانے والی دنیا ہزاروں سال پیچھے چلی جائے گی اور تہذیب کا سارا سفر برباد ہو کر رہ جائے گا۔ بھارت کے راہنما کئی سالوں تک دنیا کو یقین دلاتے رہے کہ وہ ہر حال میں قراردادوں پر عمل کریں گے اور کشمیریوں کو اپنی رائے کے اظہار کا موقع دیں گے۔ اب اس عہد کو بُھلا دیا گیا ہے۔ کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دے کر اقوام متحدہ ہی نہیں پوری عالمی برادری کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ ہم نے ہر ممکن کوشش کی کہ بھارت مذاکرات کی میز پر آئے۔ بار بار بات چیت کی خواہش کا اظہار کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1