فتح سے اعتماد ملا،ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنا چیلنج ہے :اظہر علی

فتح سے اعتماد ملا،ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنا چیلنج ہے :اظہر علی

ابوظہبی( این این آئی) پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ تیزی سے ابھرتی پاکستانی کی ایک روزہ ٹیم 2019 ء ورلڈ کپ کے لئے براہ راست کوالیفائی کرنے کیلئے تیار ہے، کارکردگی میں تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا۔ کپتان اظہر علی نے کہا کہ ورلڈ کپ میں براہ رسائی کیلئے ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح بہت اہم تھی، یہ مزید چیلنج کے آغاز کا پیش خیمہ ہے، ہمیں کارکردگی کے اس تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں فتح کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کا اعتماد بہت بڑھ چکا ہے اور ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔کپتان نے سیریز میں لگاتار تین سنچریاں بنانے والے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابر نے عمدہ کھیل پیش کیا اور یکے بعد دیگرے سنچریاں اسکور کر کے عالمی معیار کی کارکردگی دکھائی۔بابر اعظم نے تین میچوں 120، 123 اور 117 رن کی باریاں کھیل کر لگاتار تین سنچریاں بنانے کا ظہیر عباس اور سعید انور کا ریکارڈ برابر کرنے کے ساتھ ساتھ تین میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ 360 رنز اسکور کرنے عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا۔اظہر علی نے ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کا سہرا کوچ مکی آرتھر کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ آرتھر کا بہت اہم کردار ہے جبکہ پوری ٹیم، سلیکشن کمیٹی، فیلڈنگ کوچ اور بیٹنگ کوچ نے بھی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی