موجودہ پاکستانی سکواڈ کسی بھی ٹیم کو ہراسکتا ہے ‘ منظور علی عارف
لاہور( این این آئی)پاکستان سپورٹس مین ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل منظور علی عارف نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیموں میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کر کے قابل تعریف اقدام اٹھایا ہے ،چیف سلیکٹر انضمام الحق اور کوچ مکی آرتھر نے دن رات محنت کرکے ٹیموں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر دیا ہے اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی سکواڈ اب کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی ٹیموں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف وَن ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں کلین سویپ فتوحات حاصل کر کے پوری قوم کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں۔ جس پر چیئر مین پی سی پی شہریار خان ، چیف سلیکٹرانضمام الحق ، کوچ مکی آرتھر ، کپتان اظہر علی و سرفراز احمد اورخصوصی طور پر مسلسل سینچریاں بنانے والے بابر اعظم، بہترین کارکردگی دکھانے والے عماد وسیم، شرجیل خان ، حسن علی اور شعیب ملک مبارکباد اور خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔منظور علی عارف نے امید ظاہر کی کہ کپتان مصباح الحق کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز میں بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کرے گی اور اپنا سبز ہلالی پرچم بلند رکھے گی۔