الخدمت فاؤنڈیشن کایومِ اساتذہ کی مناسبت سے مقامی یونیورسٹی میں سیمینار

الخدمت فاؤنڈیشن کایومِ اساتذہ کی مناسبت سے مقامی یونیورسٹی میں سیمینار

لاہور) پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پروگرام کے تحت یوم اساتذہ کی مناسبت سے مقامی یونیورسٹی میں سمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے صدر انس واحدی، ماہر تعلیم اور استاد ڈاکٹر عبد اللہ شاہ ہاشمی،یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ سوشل سائنسز اینڈ ہیو مینٹیزکی ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر عظمیٰ شاہد اور اساتذہ سمیت طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے صدر انس واحدی نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کی آن ، شان اور پہچان ہوتے ہیں۔ اساتذہ انسانیت کے لیے دوسری درسگاہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی تکریم و قدر دانی کو اجاگر کرنے کے لئے یوم اساتذہ منایا جاتا ہے۔ڈاکٹر عبداللہ شاہ ہاشمی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قوم اور معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور تعلیم کا حصول استاد کے بغیر ممکن نہیں جو قومیں استاد کی قدر نہیں کرتیں وہ تباہ وبرباد ہو جاتی ہیں۔

اساتذہ معمارِقوم ہوتے ہیں جونوجوانوں کی سیرت اور کردار سازی کا فریضہ سر انجام دیتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پرڈاکٹر عظمیٰ شاہدنے معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

جبکہ طلبہ و طالبات نے تحائف کے طور پرپھول اور کارڈز پیش کئے اورنیک خواہشات کے اظہار کے ساتھ ساتھ اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اساتذہ کے مقام و مرتبہ کو سمجھتے ہوئے اْن کے ساتھ ہمیشہ ادب و احترام سے پیش آتے رہیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4