موجودہ قیادت خالص پاکستانی ہے‘ جوپاکستان کے بارے میں سوچتی ہے،خواجہ احمد حسان

موجودہ قیادت خالص پاکستانی ہے‘ جوپاکستان کے بارے میں سوچتی ہے،خواجہ احمد ...

لاہور(خبر نگار خصوصی)پاکستان کی موجودہ قیادت خالص پاکستانی ہے‘ جو صرف اور صرف پاکستان کے بارے میں سوچتی ہے۔ موجودہ حالات میں مکمل قومی یکجہتی واتحاد کی ضروت ہے۔ آج ہم جو کچھ ہیں پاکستان کی بدولت ہیں اور ہماری اولین شناخت پاکستانی ہے ۔ ان خیالات کااظہار سینئر مشیر وزیراعلیٰ پنجاب خواجہ احمد حسان نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کی دعوت پر صوبہ سندھ،خیبر پختونخوا،بلوچستان، آزادکشمیر،چترال اور گلگت و بلتستان سے طلبا و طالبات اور اساتذہ پر مشتمل وفود سے ملاقات کے دوران کیا جس نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ 90۔ شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمداور سیکرٹری شاہد رشید بھی موجود تھے۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایسے کاروان خیر سگالی وقومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ،اس کے ذریعے آپس میں مل بیٹھ کر ایکدوسرے کے خیالات جاننے کا موقع ملتا ہے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ مبارکباد کا مستحق ہے کہ اس نے ملک بھر سے طلبا وطالبات کو لاہور مدعو کیا اس سے قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہو گا۔

نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نئی نسلوں کی نظریاتی تعلیم وتربیت کے ذریعے اہم فریضہ انجام دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے کشمیر کا ایجنڈہ اقوام عالم کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کیا ۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے ہاتھوں کو مضبوط کیا جائے اور اتحاد کے ذریعے درپیش مسائل حل کیے جائیں۔تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کے تحفظ و دفاع کے تقاضوں کے تحت اپنے سیاسی مفادات کی قربانی دے کر دشمن کو قومی اتحاد و یکجہتی کا ٹھوس پیغام دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا ہماری نئی نسل بہت باصلاحیت ہے اور آپ جیسے ہونہاروں کی موجودگی میں مجھے یقین ہے کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن اور شاندار ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4