چوہنگ نامعلوم وجوہات پر 35سالہ شخص نے خود کو آگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا
لاہور(وقائع نگار)چوہنگ کے علاقہ میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر 35سالہ شخص نے خود کو آگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ۔پولیس نے متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں منتقل کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا۔پولیس کے مطابق طالب حسین محنت مزدوری کرتا تھا اورستوکتلہ گاؤں کے قریب ایک کوارٹر میں رہائش پذیر تھا۔گزشتہ روز اہل علاقہ کو اس کے کوارٹر کے اندر سے چیخ و پکار کی آواز آئی جس پر انہوں نے اندر جا کر دیکھا تو اس کو آگ لگی ہوئی تھی ۔اہل علاقہ نے شدید زخمی طالب حسین کو ہسپتال منتقل کیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا ۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔پولیس کے مطابق حالات مشکوک ہیں ہو سکتا ہے کہ یہ قتل کی واردات ہو اس حوالے سے کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔