معروف عالم دین شاہ تراب الحق قادری انتقال کرگئے

معروف عالم دین شاہ تراب الحق قادری انتقال کرگئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر )جماعت اہلسنت کے سربراہ اورمعروف عالم دین سید شاہ تراب الحق طویل علالت کے بعد جمعرات کو انتقال کرگئے۔خاندانی ذرائع کے مطابق علامہ شاہ تراب الحق طویل عرصے سے گردے کے مرض میں مبتلا تھے اور کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔شاہ تراب الحق کے صاحب زادے شاہ سراج الحق نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شاہ تراب الحق طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں اور ان کی نماز جنازہ دارالعلوم امجدیہ میں ادا کی جائے گی۔شاہ تراب الحق حیدرآباد دکن کے شہر ناند ھیڑ کے مضافاتی علاقے کلمبر میں اپنے وقت کے معروف عالم دین سید شاہ حسین قادری کے ہاں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم جامعہ نظامیہ حیدرآباد دکن میں حاصل کی۔ سقوط حیدر آباد کے بعد وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آگئے اور کراچی میں مستقل سکونت اختیار کی اور دارالعلوم امجدیہ سے دینی علوم سے بہرہ ور ہوئے۔دینی تعلیم مکمل کرنے کے بعد مختلف مساجد میں خطیب کے فرائض انجام دیئے اور آخری وقت تک میمن مسجد مصلح الدین گارڈن سابقہ کھوڑی گارڈن کے خطیب رہے۔آپ 1985 میں کراچی کے حلقہ این اے 190سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

مزید : صفحہ اول