بھارتی چینل پر نشر ہونیوالا ایس پی سپیشل برانچ کا انٹر ویو جعلی ہے :پاکستان
اسلام آباد(صباح نیوز)ترجمان دفترخارجہ نے بھارتی ٹی وی چینل پر چلنے والا ایس پی سپیشل برانچ آزاد کشمیر کے انٹرویو کو جعلی قرار دے دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹی وی چینل کے رپورٹر نے خود آئی جی پنجاب پولیس کی نقالی کی ۔ ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایس پی سپیشل برانچ آزاد کشمیر غلام اکبر نے واضح طور پر ٹیلی فون پر کسی بھی قسم کی بات کرنے کی مکمل تردید کی ہے جس میں انہیں سرجیکل سٹرائک کی تصدیق کرتے ہوئے سنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹی وی چینل سی این این انٹرنیشنل پرسنائی جانے والی آواز بھی ان کی نہیں ہے ۔ یہ قابل مذمت ہے کہ بھارتی ٹی وی چینل نے جو کہ دنیا کے ایک بڑے میڈیا ہاؤس سی این این کے ساتھ منسلک ہے ،نے اس طرح کی غیر اخلاقی حرکت کی ہے ۔ پاکستان بھارتی میڈیا کے اس فراڈ پروگرام کو نشر کرنے کی مذمت کرتا ہے جس میں صرف سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے بے بنیاد خبر تیار کی گئی ۔ یہ اس بات کی طرف واضح اشارہ ہے کہ بھارت میں کچھ عناصر سرجیکل سٹرائیک کے جھوٹے بھارتی دعوے کو ثابت کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ سی این این سنجیدگی کے ساتھ اس معاملے کو اپنے سے الحاق شدہ بھارتی ٹی وی چینل کے ساتھ اٹھائے گا اور اس چینل کے خلاف ایکشن لے گا۔