گورنر ہاؤس کویونیورسٹی بنانے کے لئے درخواست پرفیصلہ محفوظ
لاہور (نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرانے کے لئے درخواست پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔مسٹر جسٹس عابد عزیز شیخ نے درخواست پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار وکیل بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے یہ موقف اختیار کیا کہ دنیا بھر میں اعلی حکومتی شخصیات اور افسران کے لئے چھوٹے رقبے پر رہائش گاہیں تعمیر کی گئی ہے لیکن پنجاب کا گورنر ہاؤس ایک وسیع رقبہ پر پھیلا ہوا ہے اور اتنے بڑے رقبہ کو کسی ایک شخص کے لئے مخصوص کرنا ملک کے عوام کے ساتھ انصافی ہے۔ وکیل نے استدعا کی گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کردیا جائے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے درخواست کی مخالفت کی اور بتایا کہ گورنر ہاؤس صدر مملکت اور وزیر اعظم کی رہائش کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔ سرکاری وکیل کے مطابق درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔ ہائیکورٹ نے کارروائی مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔