عزیز آباد،اسلحہ پاک فوج کے سینٹرل آرڈیننس ڈپو منتقل کر دیا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر )کراچی کے علاقے عزیزآباد سے برآمد ہونے والا اسلحہ پاک فوج کے سینٹرل آرڈیننس ڈپو منتقل کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اسلحہ ڈی آئی جی ویسٹ کے آفس سے پولیس کے2ٹرکوں اور5 موبائلوں کے ذریعے منتقل کیا گیا۔متحدہ کے مرکز نائن زیروکے قریب واقع گھر سے ملنے والے اسلحے میں وہ ہتھیار بھی شامل ہیں جو جنگ کے دوران استعمال ہوتے ہیں۔ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے پاس صرف چھوٹے ہتھیاروں کے فارنزک کی سہولت ہے،جی تھری،اینٹی ایئرکرافٹ گن اورایل ایم جی کی فارنزک نہیں کرسکتی اس لئے ہتھیاروں کی فارنزک پاک فوج سے کرائی جائے گی ۔ ڈی آئی جی ویسٹ ذوالفقار لاڑک کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ اور گولہ بارود کی ڈمپنگ کے لیے جگہ فراہم کرنے کے لیے پاک فوج سے اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ برآمد شدہ اسلحہ ساؤتھ افریقہ سیٹ اپ کا تھا۔اسلحہ اور گولہ بارود بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی مدد سے خریدا گیا ہے۔ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق اسلحہ کے ساتھ برآمد ہونے والی بلٹ پروف جیکٹس بھارتی ساختہ ہیں جو بی ایس ایف کے زیر استعمال ہیں۔انہوں نے کہاکہ برآمد ہونیوالے اسلحہ عارضی طور پر پاک فوج کے حوالے کر رہے ہیں۔ پولیس کے پاس اتنا زیادہ خطرناک اسلحہ رکھنے کیلے محفوظ مال خانہ موجود نہیں ہے۔عدالت کے طلب کرنے پر پاک فوج سے اسلحہ واپس بھی لا سکتے ہیں ۔