بھارتی جارحیت کیخلاف قوم 1965والے جذبہ سے سرشار ہے: یوسف رضا گیلانی

بھارتی جارحیت کیخلاف قوم 1965والے جذبہ سے سرشار ہے: یوسف رضا گیلانی

لاہور (اے این این)سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کیخلاف قوم آج بھی 1965ء والے جذبے سے سرشار اور مسلح افواج کے ساتھ قومی یکجہتی و سلامتی کے لئے متحد ہے ٗکشمیر پر حکومت کے ساتھ ہمارا موقف بالکل واضح ہے ٗ قومی امور پر جماعتی وابستگی سے بالاتر ہم سب پاکستانی ہیں ٗ مسئلہ کشمیر پر پیپلز پارٹی حکومت کی حمایت کریگی ۔یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سابق رکن صوبائی اسمبلی پنجاب شوکت بسراء، سابق رکن قومی اسمبلی محمود حیات ٹوچی خان، نوازش علی پیرزادہ، عبادلقادر شاہین اور خواجہ رضوان عالم سے مخدوم ہاؤس لاہور میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے موجودہ سنگین صورتحال پر پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس بلا کر ایک اچھا اقدام کیا ہے جس سے بین الاقوامی برادری کو واضح پیغام ملا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اور تمام سیاسی، مذہبی و دینی جماعتیں متحد ہیں اور وہ ملکی سلامتی و سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ نواز شریف ، مودی سے دوستانہ انداز میں گفتگو کی بجائے ایٹمی ملک کے وزیراعظم کے طور پر بات کریں بھارتی جارحیت کیخلاف ہم نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور پوری قوم متحد ہے لیکن پانامہ لیکس کے معاملے پر پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ہے اور اپوزیشن نے پانامہ لیکس کے حوالے سے پارلیمنٹ میں جو بل پیش کیا ہے اگر حکومت نے اس کو مسترد کیا تو پیپلز پارٹی عوام کی عدالت میں جائے گی اور تمام تر حالات کی ذمہ دار خود حکومت ہوگی۔ انہوں نے نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا فوجی حل نہیں دونوں ملکوں کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں مودی سرکار ہوش کے ناخن لے۔ دونوں ملکوں کے عوام امن دوستی اور بھائی چارے کے خواہشمند ہیں۔ دونوں ممالک کے حکومتی سربراہ سیاسی اور سفارتی سطح پر بات چیت کا دوبارہ آغاز شروع کریں تاکہ ان معاملات کا کوئی حل نکالا جاسکے ۔ اس موقع پر سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان سے نمٹنے کے لئے پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی اور کے پاس ویژن موجود نہیں۔ ہم ایک مرتبہ پھر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ بلاول بھٹو وفاق پاکستان کی ضمانت ہیں اور آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے۔ چوہدری شوکت بسراء نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی موجودہ صورتحال میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ حکمرانوں کی ناقص کارکردگی اور پانامہ لیکس پر تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں جبکہ حکمرانوں کے ناقص اقدامات اور انتقامی غیر آئینی پالیسیوں کے باعث آج جمہوریت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ شریف برادران جمہوریت نہیں کرپشن بچانا چاہتے ہیں۔ محمود حیات ٹوچی خان نے کہا کہ پانامہ لیکس حکمرانوں کی قومی و ملکی مفادات سے چشم پوشی، عوامی مسائل میں عدم دلچسپی اور ملک دشمنوں کے بارے میں غیر سنجیدہ رویہ کے باعث ہر طرف ہلچل کی کیفیت ہے۔

مزید : صفحہ آخر