11کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں،شمس سواتی
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی رورل وسابق مرکزی صدرنیشنل لیبرفیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ پاکستان کے گیارہ کروڑعوام غربت کی لکیرسے نیچے زندگی گزارنے پرمجبورہیں، اڑھائی کروڑبچوں کو تعلیم کی سہولیات میسرنہیں،محنت کش کا بچہ علاج کی سہولت نہ ہونے کے باعث ایڑھیاں رگڑرگڑ کرمرجاتا ہے لیکن ملک کے تمام وسائل پر ایک فیصد کرپٹ اشرافیہ قابض ہے ملک بھرکے مزدورمتحدہوکراسلامی انقلاب کے ہراول دستے کا کرداراداکریں گے اورملک کو کوکرپشن سے فری اسلا می وخوشحال پاکستان بنائیں گے۔نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کی کل پاکستان مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر مرکزی صدررانا محمود علی خان ، ضلعی میڈیا ڈائریکٹرانعام الحق اعوان سمیت ملک بھرسے این ایل ایف کے ذمہ داران بھی شریک تھے ۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ اسلام نے غلام اورآقا میں تفریق مٹائی ،محروم اورپسے ہوئے طبقات کوان کے حقوق دئیے ،وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے اسلامی نظام کا نفاذ ناگزیرہے ،عرب وعجم میں ایسا وقت بھی آیا کہ اسلام کے غلبے کے بعد ظلم وجبراوراستحصال میں پسے ہوئے انسانوں کی زندگی تبدیل ہوئی اورزکوۃ لینے والاکوئی نہ ملتا تھا،آج ووٹ کی طاقت سے ملک کی تقدیربدل سکتی ہے عوام اپنے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے لٹیروں کو مستردکرکے دیانت داراورامانتدارقیادت کومسند اقتدارتک پہنچائیں تاکہ ان کے گھر کے اندھیرے دورہوں۔