اپوزیشن جماعتیں اس طرح ساتھ نہیں دے رہیں جس طرح دینا چاہیے ، اسلام آباد بند کرنے کے معاملے میں ہم نے سولو فلائٹ ہی کرنی ہے : جہانگیر ترین

اپوزیشن جماعتیں اس طرح ساتھ نہیں دے رہیں جس طرح دینا چاہیے ، اسلام آباد بند ...
اپوزیشن جماعتیں اس طرح ساتھ نہیں دے رہیں جس طرح دینا چاہیے ، اسلام آباد بند کرنے کے معاملے میں ہم نے سولو فلائٹ ہی کرنی ہے : جہانگیر ترین

  

لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ہمارا اس طرح سے ساتھ نہیں دے رہیں جس طرح ان کو دینا چاہیے ،پی ٹی آئی کے کارکنوں کا مطالبہ ہے کہ اسلام آباد بند کرنے کے معاملے میں ہم نے سولو فلائٹ ہی کرنی ہے اور ہم کسی بھی پارٹی کے ساتھ مل کر یہ کام نہیں کر سکتے ، پارٹی کے 70فیصدر لوگ عمران خان کے پارلیمانی پارٹیز کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے مخالف تھے ، پارٹی میں دھڑے بندیاں اور اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں ، 30اکتوبر کو اسلام آباد میں 30ستمبر سے بھی زیادہ عوام اکٹھی کر کے دکھائیں گے ۔

مقامی ہوٹل میں سنٹرل پنجاب کے 9اضلاع سے پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ مخالف جماعتیں کہتی ہیں کہ پارلیمانی پارٹیز کے اجلاس میں عدم شرکت اور اسلام آباد کو بند کرنے کی بات کر کے عمران خان سولو فلائٹ کر رہا ہے لیکن یہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کا مطالبہ ہے کہ ہم نے اسلام آباد بند کرنے کے معاملے پر سولوفلائٹ ہی کرنی ہے، کیونکہ ہم کسی بھی پارٹی کے ساتھ مل کر یہ کام نہیں کر سکتے ، دوسری اپوزیشن جماعتیں ہمارا اس طرح سے ساتھ نہیں دے رہیں جس طرح ان کو دینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 70فیصد لوگ عمران خان کے پارلیمانی پارٹیز کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی مخالفت میں تھے اور صرف 30فیصد حمایت میں تھے ۔ عمران خان نے کہا تھا کہ میں ایسی منافقت نہیں کر سکتا کہ ایک ایسا شخص جس کو میں آئینی وزیر اعظم ہی نہیں مانتا، اس کے ساتھ ہاتھ ملاؤں اور اس کی ہاں میں ہاں ملاؤں ۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ پا کستان تحریک انصاف میں دھڑے بندیاں اور اختلافات کی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں ، اب حالات تبدیل ہوچکے ہیں ، پوری پارٹی متحد ہے ، 30اکتوبر کو 30ستمبر سے بھی زیا دہ عوام اکٹھی ہو گی ۔

مزید : لاہور