جعفر ایکسپریس پر حملہ قابل مذمت ،بلوچستان حکومت امن و امان قائم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی : مولانا عبد الواسع
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے مچھ کے قریب جعفر ایکسپریس پر ہونیوالے حملے اور ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ حکومت امن وامان کے حوالے سے مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، گزشتہ ایک ماہ کے دوران جو واقعات رونما ہوئے ہیں اب تک حکومت نے سنجیدگی سے اس کا نوٹس نہیں لیا، پے درپے واقعات حکومت کی نااہلی کا نتیجہ ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مولانا عبد الواسع کا کہنا تھا کہ کوئٹہ اور بلوچستان میں جس طرح امن وامان کی صورتحال خراب اور آئے روز ہونے والی ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں،لیکن حکومت جوں کے توں ہے اور امن امان کی طرف سے کوئی بھی سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے، اگر یہی صورتحال رہی تو عوام جلد سڑکوں پر آئیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب ایسا لگ رہا ہے کہ صوبے کے عوام کسی علاقے میں پرامن طریقے سے نہیں بلکہ جنگل میں رہ رہے ہیں، جہاں پر ہمیشہ خوف کے سائے منڈلاتے ہیں، جعفر ایکسپریس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، حکومت کو چاہئے کہ وہ سنجیدگی سے ان معاملات کو کنٹرول کریں، اگر نہیں کر سکتے ہیں تو اپنے ناکامی کو تسلیم کریں ۔