بھارت بے بنیادالزام تراشی سے دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے ظلم وستم سے نہیں ہٹاسکتا: تہمینہ جنجوعہ
جنیوا( مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کے جنیواآفس میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ نے کہاہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف بے بنیادالزام تراشی کے ذریعے دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے ظلم وستم سے نہیں ہٹاسکتا۔
سرکاری ریڈیو کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پرگہری تشویش ظاہر کی ہے۔پاکستانی مندوب نے کہاکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے خیالات نے کونسل کے ارکان کومتحرک کردیا ہے اور وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں سوالات کررہے ہیں۔تہمینہ جنجوعہ نے کہاکہ انسانی حقوق کی دوسری تنظیموں اور کارکنان نے بھی اس مسئلے پر آواز اٹھائی ہے۔تہمینہ جنجوعہ نے کہاکہ پاکستان نے تمام بین الاقوامی فورموں پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سنگینی کوموثرطریقے سے اجاگرکیاہے۔