افغانستان کو برآمدات کے حجم میں چھ سال کے دوران 13 فیصد کمی
اسلام آباد (اے پی پی) گذشتہ چھ سال کے دوران افغانستان کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 13 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ افغانستان کے شماریات کے مرکزی ادارے کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2013ء کے دوران پاکستان سے 8.9 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں جبکہ گذشتہ مالی سال 2018ء کے دوران پاکستان سے افغانستان کو کی جانے والی برآمدات کا حجم 7.8 ارب ڈالر تک کم ہو گئیں۔ اس طرح چھ سالوں میں افغانستان کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 1.1 ارب ڈالر یعنی 13 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس عرصہ کے دوران افغان مجموعی درآمدات میں پاکستان کا حصہ 14 فیصد رہا ہے۔ اقتصادی شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاک افغان دوطرفہ تجارت اور ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے ۔
کیونکہ افغانستان اپنی زیادہ تر ضروریات کی تکمیل کیلئے درآمدات پر انحصار کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی برآمدات کے اضافہ کیلئے غذائی اجناس کے شعبہ پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔