حق بات کہنے میں اپنے والد کی طرح کسی مصلحت کا شکار نہیں ہونگا ،حکومت کے ہر اچھے کام کا دفاع اور غلط فیصلے کی ڈٹ کر مخالفت کی جائے گی:معاویہ اعظم طارق

حق بات کہنے میں اپنے والد کی طرح کسی مصلحت کا شکار نہیں ہونگا ،حکومت کے ہر ...
حق بات کہنے میں اپنے والد کی طرح کسی مصلحت کا شکار نہیں ہونگا ،حکومت کے ہر اچھے کام کا دفاع اور غلط فیصلے کی ڈٹ کر مخالفت کی جائے گی:معاویہ اعظم طارق

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب اسمبلی میں پاکستان راہ حق پارٹی کے پارلیمانی لیڈر مولانا محمد معاویہ اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نظام خلافت راشدہؓ سے وابستہ ہے،مولانا اعظم طارق شہیدتین مرتبہ قومی اسمبلی کا ممبر منتخب ہونے کے باوجود کبھی مصلحت کا شکار نہیں ہوئے ،تحریک انصاف کی حکومت کے ہر اچھے کام کا دفاع اور ہر غلط فیصلے کی کسی مصلحت کے بغیر  ڈٹ کر مخالفت کی جائے گی،خیبر پختون خوا حکومت مولانا اسماعیل درویش کے قاتل دہشت گردوں کو بے نقاب کرے اور ملک بھر میں علما کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے ۔

تفصیلات کے مطابق  اپنے والد اور سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا اعظم طارق مرحوم کےیوم شہادت کے موقع پر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممبر پنجاب اسمبلی مولانا محمد معاویہ اعظم کا کہنا تھا کہ زمانہ گواہ ہے کہ ان کے والد نے جس بات کو حق سمجھا اس پر کسی طمع اور لالچ کے بغیر ڈٹ گئے اور اسی مشن کی تکمیل میں اپنی جان قربان کی ،تحفظ عظمت  ناموس صحابہؓ کے لئے آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں ملک دشمن قوتوں کے ایجنٹ علما کو چن چن کر شہید کر رہے ہیں ،پشاور میں گذشتہ روز دہشت گردوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والےمولانا اسماعیل درویش بھی قافلہ حق کے دلیر اور جرات مند لیڈر تھے ،ہمیں ان کی شہادت پر فخر ہے ،اتنے علما اور کارکنوں کی قربانیوں کے باوجود ہمارے حوصلے پہلے سے بھی زیادہ جوان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مولانا اعظم طارق شہیدتین مرتبہ قومی اسمبلی کا ممبر منتخب ہونے کے باوجود کبھی مصلحت کا شکار نہیں ہوئے ،انہوں  نے ہمیشہ کلمہ حق بلند کیا اور اہلیان جھنگ کے ووٹ کو حقیقی معنوں میں عزت دی جس کی زندہ مثال یہ ہے کہ آج بھی جھنگ کا ایک ایک فرد اپنے محبوب لیڈر سے اسی طرح پیار کرتا ہے جیسے ان کی زندگی میں کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ میرا پنجاب اسمبلی کا ممبر منتخب ہونا اور پنجاب کے تمام ایم پی ایز سے زیادہ ووٹ حاصل کرنا بھی اس بات کی دلیل ہے کہ ہم امن پسند اور محب وطن ہیں اور ہمیں اپنی حب الوطنی کا کسی سے سرٹیفکیٹ بھی لینے کی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ،تحریک انصاف کی حکومت کے ہر اچھے کام کا ہم دفاع کریں گے جبکہ جس جگہ حکومت نے غلط فیصلے کئے وہاں کسی مصلحت کے بغیر  ڈٹ کر مخالفت کی جائے گی ۔مولانا معاویہ اعظم نے خیبر پختون خوا حکومت سے مطالبہ کیا کہ مولانا اسماعیل درویش پر حملہ کرنے والے  ملک دشمن دہشت گردوں کو    بے نقاب کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچائے اور علما کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد


loading...