پا کستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ آج شروع ہو گا

پا کستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ آج شروع ہو گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ (آج) اتوار سے دبئی میں شروع ہو گا، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے باہمی ٹیسٹ میچز میں کینگروز کا پلڑا بھاری ہے،دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 62 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جن میں آسٹریلوی ٹیم 31 اور پاکستانی ٹیم 14 میں کامیاب رہی، پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان فٹنس مسائل کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے، بلال آصف اور میر حمزہ کو ڈیبیو دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ محمد حفیظ کو بھی پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے، آسٹریلیا کی طرف سے ایرون فنچ، ٹریوس ہیڈ اور مارنس لبوشگنے ڈیبیو کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کیلئے متحدہ عرب امارات پہنچ چکی ہے، اس سے قبل آسٹریلیا اور پاکستان اے ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ٹور میچ ڈرا ہو گیا تھا تاہم آسٹریلوی بلے بازوں نے بیٹنگ و باؤلنگ کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 1956ء سے 2017ء تک مجموعی طور پر 62 میچز کھیلے گئے جن میں سے آسٹریلیا نے 31 جیتے جبکہ پاکستانی ٹیم 14 میں کامیاب رہی، 17 میچز ڈرا ہوئے۔ پاکستان کو پہلے ٹیسٹ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے اور آل راؤنڈر شاداب خان جو کہ ایشیا کپ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے تاحال سو فیصد فٹ نہیں ہوئے اسلئے پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، بلال آصف اور فاسٹ باؤلر میر حمزہ کو ڈیبیو دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ حفیظ بھی پلیئنگ الیون میں شامل ہونے کے مضبوط امیدوار ہیں، دوسری جانب ایرون فنچ، ٹریوس ہیڈ اور مارنس کینگروز کی جانب سے ڈیبیو کریں گے، اس کے علاوہ پیٹر سڈل بھی پلیئنگ الیون میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ 16 سے 20 اکتوبر تک ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے۔