بھارت کی ونڈیز کو پہلے ٹیسٹ میں اننگزاور 272رنز سے شکست

بھارت کی ونڈیز کو پہلے ٹیسٹ میں اننگزاور 272رنز سے شکست

راجکوٹ(اے پی پی) بلے بازوں کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے بعد باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت بھارت نے ویسٹ انڈیز کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 272 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، ویسٹ انڈین ٹیم میچ کے تیسرے روز بھارت کی پہلی اننگز 649 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 181 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی ویسٹ انڈیز ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم 196 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کیرن پاویل کے سوا ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، ان کی 83 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی، کلدیپ یاداو اور ایشون نے میچ میں 6، 6 وکٹیں لیں، روندرا جدیجا کو عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ہفتے کو راجکوٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈین ٹیم نے 94 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ کی شروع کی تو پوری ٹیم 181 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا، روسٹن چیس 53، کیموپال 47، شرمین لیوس بغیر کوئی رن بنائے اور شینن گبرائل ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، ایشون نے 4، محمد شامی نے 2 جبکہ اومیش یاداو، روندرا جدیجا اور کلدیپ یاداو نے ایک، ایک وکٹ لی، فالو آن کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو کلدیپ یاداو، ایشون اور جدیجا نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بلے بازوں کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 196 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کیرن پاویل 83 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان کریگ بریتھویٹ 10، شے ہوپ 17، ہٹمائر 11، روسٹن چیس 20، کیموپال 15، دیوندرا بیشو 9، لیوس اور گبرائل 4، 4 اور ایمبرس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، کلدیپ یاداو نے 5، جدیجا نے 3 اور ایشون نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...