تحریک انصافریلوے کو منافع بخش ادارہ بنائے گی،فرخ حبیب

تحریک انصافریلوے کو منافع بخش ادارہ بنائے گی،فرخ حبیب

لاہور(لیڈی رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے پاکستان ریلوے کی ترقی میں کوئی اہم کردار ادا نہیں کیا اور نہ ہی اس کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے کوئی جامع منصوبہ بندی کی گئی۔ ہماری حکومت کا وژن ہے کہ اس ادارے کو مالی خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنایا جائے اور مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سفری سہولیات فراہم کی جائیں

تاکہ لوگوں کا اس ادارے پر اعتماد بحال ہو۔

انہوں نے یہ بات پارلیمانی سیکرٹری ریلوے بننے کے بعد فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کے پہلے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ٖ

فیصل آباد ریلوے اسٹیشن دورے کے موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور محمدسفیان سرفراز ڈوگر اور دیگر ریلوے افسران بھی موجود تھے۔

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ہمارا وژن مسافروں کی سیکورٹی بہتر بنانا، آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی اور ادارے کو منافع بخش بنانا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ریلوے کے ملازمین کو تحفظ بھی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی ڈیوٹی اچھے طریقے سے سرانجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم اکتوبر سے فیصل آباد سے لاہوراور لاہور سے فیصل آباد کے درمیان فیصل آباد نان سٹاپ ٹرین چلانے کا مقصد لوگوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ہے۔ بڑے روٹوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ چھوٹے روٹ بھی جلد از جلد بحال کیے جائیں گے تاکہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو بہتر اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ملک کے بڑے بڑے اداروں جن میں پی آئی اے، پاکستان سٹیل مل، پاکستان ریلوے وغیرہ کو نہ صرف تباہ و برباد کیا بلکہ ان کو خسارے میں چلایا جس سے ہمارے اوپر بیرونی قرضوں کا بوجھ بڑھ گیا ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ نہ صرف ان اداروں کو بحال کیا جائے بلکہ ان کا خسارہ ختم کرکے منافع بخش بھی بنایا جائے۔ اس پر کام شروع ہو چکا ہے جن لوگوں نے ان اداروں کو اس حال میں پہنچایا ہے ان کے گرد گھیراتنگ کیا جارہا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کی لوٹی ہوئی دولت کو واپس لانے کے لئے قانون سازی کی جارہی ہے ہماری حکومت نے تمام اداروں کو آزاد کیا ہے تاکہ وہ اپنے دائرہ اختیار کے مطابق کام کر سکیں اور ملک کے عوام کو خوشحالی کے ساتھ بہتر اور پر امن ماحول فراہم کیا جاسکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...