ڈیرہ میں ون ویلنگ کرنیوالے منچلوں کیخلاف کارروائی ،22 سرکاری مہمان
ڈیرہ اسماعیل خان( بیورورپورٹ)ڈیرہ بائی پاس روڈ پر موٹر سائیکل ریس اور ون ویلنگ کے نام پر بااثر افراد کی نگرانی میں موت کا کھیل‘منچلوں کے شوق پر لاکھو ں کے جوئے کی شکایات‘صدر پولیس کا دستاویزی ثبوتوں کے بعد کریک ڈاؤن‘22منچلے سرکاری مہمان‘ چہیتوں کی رہائی کیلئے بااثر افراد کا پولیس پر دباؤ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بائی پاس پر مختلف مقامات پر عرصہ دراز سے موٹر سائیکل ریس اور ون ویلنگ کے نام پر موت کا کھیل کھیلا جارہا تھا جس میں درجنوں نوجوان زندگی کی بازی ہارنے کے ساتھ ساتھ عمر بھر کیلئے معذور بھی ہوچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بااثر افراد کی نگرانی میں موت کے اس کھیل پر لاکھوں روپے کا جوا بھی لگایا جاتا تھاعوامی شکایات پر تھانہ صدر پولیس نے باقاعدہ ریکی اور دستاویزی ثبوت اکھٹا کرنے کے بعد گزشتہ روڈ تھانہ صدر کی حدود میں ڈیرہ بائی پاس روڈ پر موت کے اس کھیل کے خلاف کریک ڈاؤن کی۔ ایس ایچ او تھانہ صدر نصیب الرحمن خان کی قیادت میں ڈی ایف سی محمد علی نے پولیس نفری اور ایگل سکواڈ کے ہمراہ موٹر سائیکل ریس اور ون ویلنگ جوا کے خلاف کارروائی کے دوران بائیس سے زائد بائیک ریسر اور ون ویلنگ کرنے والے منچلوں کو تعاقب کرکے گرفتار کرلیا۔پولیس کے کریک ڈاؤن کے دوران درجنوں منچلے اپنی موٹر سائیکلیں چھوڑ کر قریبی فصلوں میں رو پوش ہوگئے دوسری جانب گرفتار منچلوں کی رہائی کیلئے بااثرافراد کی جانب سے پولیس پر دباؤ کی بھی اطلاعات ہیں ۔ایس ایچ او تھانہ صدر نصیب الرحمن نے کہا ہے کہ پولیس کسی کے دباؤ میں نہیں آئے گی تمام گرفتار افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔