شہباز شریف کی گرفتاری ، قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے اپوزیشن کی ریکوزیشن جمع

شہباز شریف کی گرفتاری ، قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے اپوزیشن کی ریکوزیشن ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد/لاہور(آئی این پی،این این آئی،جنرل رپورٹر،لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلیے سپیکر کو ریکوزیشن جمع کرادی۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں نے گزشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ان کے گھر پر ملاقات کی اور اسمبلی کااجلاس بلانے کی ریکوزیشن دی،مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ریکوزیشن میں شہباز شریف کی گرفتاری پر ایوان میں بحث کامطالبہ کیا گیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں راجہ ظفرالحق،سردارایاز صادق اور عبدالغفور حیدری نے کہا کہ شہبازشریف کو بلاوجہ گرفتار کیا گیا درحقیقت ان کی گرفتاری انتقامی کارروائی اور ضمنی الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے،شہبازشریف کی گرفتاری سے استحقاق مجروح ہوا لہٰذا قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے14 روز کا انتظار نہ کیا جائے جبکہ قائد ایوان کو بھی اجلاس میں موجود ہونا چاہیے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ حکومت بدترین انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے تاہم حکومت جو کچھ کررہی ہے، اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کے معاملے پر بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی حمایت کی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ قائد حزب اختلاف پارلیمنٹ کا اہم ترین حصہ ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہم نے ہمیشہ پارلیمینٹ کی بالادستی کی بات کی ہے جبکہ شہبازشریف کی گرفتاری پر پارلیمینٹ کو آگاہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن)نے شہبازشریف کی گرفتاری کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی ۔حنا پرویز بٹ کی جانب سے شہبازشریف کی گرفتاری کے خلاف مذمتی قرارداد اسمبلی میں جمع کرائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، نیب نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کیا۔قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں شکست کے خوف سے شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا، الیکشن سے قبل گرفتاری نے کئی سوالات اٹھا دیئے ہیں، ناکام حکومت کو چلانے کیلئے ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ شہبازشریف کو ضمنی الیکشن سے پہلے رہا نہ کیا گیا تو ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔
اجلاس/ریکوزیشن

مزید :

صفحہ اول -